لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ کے یومِ ولادت پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبالؒ کا فلسفۂ خودی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبالؒ کے افکار آج بھی ہماری قومی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہیں۔
اپنے پیغام میں ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں خودی، خود اعتمادی اور آزادی کا جذبہ بیدار کیا، جس نے انہیں غلامی کی زنجیریں توڑنے کا حوصلہ دیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اقبالؒ نے نوجوانوں کو شاہین کی طرح بلند پروازی، خودداری اور عمل پیہم کا درس دیا۔ ان کے مطابق یہی وہ اوصاف ہیں جن کے ذریعے کوئی بھی قوم ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کا تصورِ پاکستان قیامِ پاکستان کی فکری بنیاد بنا۔ اقبالؒ کا پیغام اتحاد، ایمان، خودی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیتا ہے، جو آج بھی اتنا ہی بامعنی ہے جتنا ماضی میں تھا۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے زور دیا کہ علامہ اقبالؒ کے افکار پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ اقبالؒ کے پیغام کو اپنائے اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کرے۔













