لاہور( پنجاب پوسٹ)پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر فیک اور ہوکس کالز کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ہیلپ لائن کے غلط استعمال میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اتھارٹی نے ٹاپ 150 ہوکس کالرز کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اور جعلی کالز کے باعث ایمرجنسی ہیلپ لائن مصروف رہتی ہے، جس سے حقیقی ضرورت کے حامل شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں 13ہزار سڑکوں، 1 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ، منصوبہ کیا ہے؟: ایک ماہ میں ہیلپ لائن 15 پر 7 لاکھ 24 ہزار فیک کالز ، شہری کیا پوچھتے رہے؟اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 کے دوران ہیلپ لائن 15 پر 7 لاکھ 24 ہزار سے زائد ہوکس اور غیر متعلقہ کالز موصول ہوئیں۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سیف سٹی حکام ہر ماہ تقریباً 200 ایسے کالرز کو وارننگ اور تنبیہ کے لیے کال بیک بھی کر رہے ہیں۔
ترجمان نے واضح کیا کہ ہیلپ لائن 15 حکومتِ پنجاب کی جانب سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مفت ایمرجنسی سروس ہے، جس کا غیر ضروری استعمال قانوناً جرم ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور صرف ہنگامی صورتحال میں ہی اس سروس کا استعمال کریں۔










