بدین (پنجاب پوسٹ) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع بدین نے دیوالی کے موقع پر گولارچی شہر میں ہندو برادری کے مستحق خاندانوں میں گفٹس تقسیم کیے۔ تقریب کا مقصد برادری کی خوشیوں میں شریک ہونا اور باہمی محبت کو فروغ دینا تھا۔
تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نیشنل ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز عامر محمود چیمہ، سندھ کے نائب صدر الطاف احمد ملاح، جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی، الخدمت ضلع بدین کے صدر غلام رسول احمدانی اور جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری عبدالکریم بلیدی سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
خطاب کرتے ہوئے الطاف احمد ملاح نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیشہ دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ ان کے مطابق ملک بھر میں مختلف فلاحی منصوبے جاری ہیں، جن کے ذریعے مستحق افراد اور ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے سیلاب زدگان کی امداد اور لاک ڈاؤن کے دوران راشن کی تقسیم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آرفن سپورٹ پروگرام کے تحت یتیم بچوں کی کفالت بھی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیوالی پر گفٹس کی تقسیم کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہے۔تقریب کے اختتام پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، جماعت اسلامی اور آغوش کے فلاحی خدمات کے سلسلے کو سراہا گیا۔










