لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی معیشت بے یقینی کی صورتحال کا شکار ہے، تاہم چیلنجز کے باوجود پاکستان میں معاشی بہتری کا سفر جاری ہے۔ حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان کے علاوہ دیگر منڈیوں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ پاکستان کے بانڈز میں یورپ اور امریکا کے سرمایہ کاروں کی بھی دلچسپی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی تنازعات کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس نظام میں بہتری کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے اور ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔










