لاہور (پنجاب پوسٹ) ایئرپورٹ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑی روکنے پر پٹرولنگ آفیسر سے بدتمیزی اور دست و گریبان ہونے کی کوشش کرنے والا نوجوان حوالات پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ آفیسر عمران نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اپلائیڈ فار گاڑی کو روکا تو ڈرائیور نے کاغذات دکھانے کے بجائے فون کرکے اویس نامی نوجوان کو موقع پر بلالیا۔ ملزم اویس لگژری گاڑی سے اترتے ہی پٹرولنگ آفیسر سے بدتمیزی کرنے لگا اور اس کے ساتھ دست و گریبان ہونے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سائبر کرائم کی شکایات میں ایک سال کے دوران 43 ہزار سے زائد کا اضافہ
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے اویس کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
ملزم کو گاڑی سمیت تھانہ جنوبی چھاؤنی منتقل کردیا گیا ہے۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے موجود ہیں، ان سے بدتمیزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔











