عارف والا(پنجاب پوسٹ)عارف والا میں افسوسناک خبر سے فضا سوگوار ہو گئی، سعودی عرب میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں عارف والا سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں باپ اور اس کے دو جواں سال بیٹے شامل ہیں، جو عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے۔
عارف والا کے محلہ اقبال نگر سے تعلق رکھنے والے چوہدری واحد علی اور ان کے دو جواں سال بیٹے عمر واحد اور علی واحد سعودی عرب میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: چشتیاں، دو مختلف ٹریفک حادثات میں پانچ سالہ بچی جاں بحق، پانچ افراد زخمی
تفصیلات کے مطابق تینوں باپ بیٹے بذریعہ کار مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ جا رہے تھے کہ راستے میں ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کا تعلق محلہ اقبال نگر کی آرائیں فیملی سے ہے، جبکہ وہ چوہدری محمد رضوان، سابق کونسلر محلہ اقبال نگر کے قریبی عزیز بتائے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تینوں مرحومین کی میتیں پاکستان لانے کے لیے تیاریاں جاری ہیں افسوسناک واقعے پر اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور دیگر حلقوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔










