پاکپتن ( پنجاب پوسٹ ) عارف والا کے علاقہ قبولہ شریف میں قائم آر ایچ سی ہسپتال کی رینوویشن کے نام پر مبینہ طور پر کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کا معاملہ ایک بار پھر سامنے آ گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ٹھیکیدار کی جانب سے معاملہ دبانے کے لیے ہسپتال کی عمارت پر دوبارہ غیر معیاری پینٹ کروایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آر ایچ سی ہسپتال قبولہ شریف، جو کہ تقریباً 50 ہزار کی آبادی کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے، اس کی رینوویشن کے دوران مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق میڈیا پر خبروں کے بعد متعلقہ ٹھیکیدار نے صورتحال کو معمول پر ظاہر کرنے کے لیے ورک آرڈر سے ہٹ کر عمارت پر دوبارہ غیر معیاری پینٹ کا کام شروع کر دیا ہے۔ مقامی شہریوں کا مؤقف ہے کہ ناقص میٹریل کے استعمال سے نہ صرف سرکاری وسائل کا ضیاع ہو رہا ہے بلکہ عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ سماجی حلقوں اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے، تاکہ قومی خزانے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔











