لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے انسانی سمگلنگ میں ملوث باپ بیٹے کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے بیٹے ذیشان کی درخواست ضمانت خارج جبکہ باپ غلام علی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ جسٹس صادق محمود خرم نے عدنان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے مؤقف کے مطابق ملزم غلام علی اور اس کے بیٹے ذیشان نے اس کے بھائی کو بیرون ملک بھجوانے کا یقین دلا کر پرتگال بھیجنے کا جھانسہ دیا اور اس مد میں 20 لاکھ 50 ہزار روپے وصول کیے۔
یہ بھی پڑھیں: جوئے کے خلاف لاہور پولیس کا کریک ڈاون،رواں سال 2069 ملزمان گرفتار
موقف میں کہا گیا کہ ملزمان نے اس کے بھائی کو دبئی لے جانے کے بعد واپس پاکستان بھجوا دیا۔ رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزم باپ بیٹا رقم واپس نہیں کر رہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمان کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا جائے اور رقم کی واپسی تک ان کی درخواست ضمانت خارج کی جائے۔
عدالت نے دلائل اور درخواست کا جائزہ لینے کے بعد ملزم ذیشان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جبکہ اس کے والد غلام علی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔










