لاہور(پنجاب پوسٹ)اوسی۔ بلیک میں آٹے کی فروخت کے معاملے پر محکمہ فوڈ اور پیرا فورس نے فوری حرکت میں آتے ہوئے کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں غلام حسین کریانہ سٹور اور وقاص ٹریڈرز کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے اور دونوں کے لائسنس معطل کر دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق غلام حسین کریانہ اسٹور پر آٹا بلیک میں فروخت کیے جانے کی اطلاع ملنے پر محکمہ فوڈ اور پیرا فورس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ پیرا فورس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے اسٹور مالک پر جرمانہ عائد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیصل آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، 33 ملزمان گرفتار
ڈی ایف سی فضل عباس شاہد کی ہدایات پر فوڈ انسپکٹر ندیم نے مؤثر کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں غلام حسین کریانہ اسٹور اور وقاص ٹریڈرز کے لائسنس معطل کر دیے گئے۔
محکمہ فوڈ اور پیرا فورس کے حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں اور بلیک میں آٹا فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ عوام کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔










