گجرات (پنجاب پوسٹ) گلیانہ میں شہری پر تشدد کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کے نوٹس پر تھانہ گلیانہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے اور شہریوں پر تشدد کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تھانہ گلیانہ کی حدود میں پیش آنے والے تشدد کے واقعے پر ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں؛ راولپنڈی میں این سی سی آئی اے نے آن لائن ویزا فراڈ گینگ گرفتار کر لیا
ڈی پی او کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گلیانہ انسپکٹر شیراز حیدر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں جنید شاہ، کفیل، محمد افضل اور غلام عباس شامل ہیں، جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
اس موقع پر ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے اور شہریوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ گجرات پولیس کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔










