فیصل آباد( پنجاب پوسٹ) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے ایم فور موٹروے پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کی اسٹرائیک ٹیم نے امین پور انٹرچینج کے قریب انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران منشیات فروشوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائی کے نتیجے میں پانچ کروڑ چھیالیس لاکھ روپے سے زائد مالیت کی تین سو چھہتر کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔
کارروائی کے دوران ملزمان نے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے سرکاری گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا، تاہم جوابی کارروائی میں منشیات سے بھری ٹیوٹا فارچونر گاڑی قبضے میں لے لی گئی جبکہ ملزمان فرار ہو گئے۔
ڈی جی کاؤنٹر نارکوٹکس فورس مظہر اقبال کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق منشیات کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔















