لاہور: ٹولنٹن مارکیٹ میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور انتظامیہ کے افسران پر تشدد کے مقدمے میں گرفتار 20 ملزمان کو انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمان کا 10 روزہ جسمانی ریمانڈ کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ گرفتار ملزمان میں شعیب، شاہد، اکرم اور یونس سمیت دیگر شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے تفتیش کے لیے ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دورانِ سماعت سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹولنٹن مارکیٹ کے تاجروں اور ورکرز نے پہلے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر تشدد کیا۔ سرکاری وکیل کے مطابق مجسٹریٹ نے مارکیٹ کا دورہ کیا تو ان کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا۔
سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ہجوم کی شکل میں انتظامیہ کے افسران کو گھیر لیا اور ٹیم کے ہمراہ موجود پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کا مقدمہ تھانہ اچھرہ میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔













