اسلام آباد(پنجاب پوسٹ) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے وفاقی جیل اسلام آباد کو فعال بنانے اور اس کے ٹیسٹ رن کے لیے پنجاب کی تمام جیل ریجنز سے عملہ مانگ لیا ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ خط بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی جیل اسلام آباد کی جلد آپریشنلائزیشن کے لیے پنجاب کی جیلوں سے تجربہ کار عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ریجن سے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل کا ایک، چیف وارڈر کا ایک اور ہیڈ وارڈر کا ایک اہلکار وفاقی جیل اسلام آباد بھیجا جائے۔ اسی طرح ہر ریجن سے وارڈرز کے سات اہلکار بھی طلب کیے گئے ہیں۔
خط کے مطابق وفاقی جیل اسلام آباد کے لیے تربیت یافتہ، تجربہ کار اور اہل عملے کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ تعیناتی کے لیے ترجیحاً ایسے اہلکار نامزد کیے جائیں گے جن کی سروس دس سال یا اس سے زائد ہو۔
پنجاب کے تمام جیل ریجنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نامزد اہلکاروں کے نام، سروس ریکارڈ اور مکمل کوائف فراہم کریں۔ علاوہ ازیں وفاقی جیل اسلام آباد میں عارضی تعیناتی کے لیے اہلکاروں کی تحریری رضامندی بھی طلب کی گئی ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے دفتر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ عملے کی تفصیلات فوری طور پر فراہم کی جائیں تاکہ وفاقی جیل کو جلد فعال بنانے کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔












