بہاولنگر(پنجاب پوسٹ) ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ آبپاشی عثمان خالد کی زیر نگرانی ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ، ڈی پی او محمد عمران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نہری پانی چوری کی روک تھام، پانی کی منصفانہ تقسیم اور حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران پانی کی غیر قانونی تقسیم اور چوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری عثمان خالد نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق نہری پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور محکمہ آبپاشی پانی چوری کی روک تھام کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ پانی قومی اثاثہ ہے، اس کے ضیاع اور غیر قانونی استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پانی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام کاشتکاروں کو ان کے حصے کے مطابق نہری پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔


ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ نہری پانی کے ضیاع اور غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے مؤثر نگرانی ضروری ہے، جبکہ نہری نظام کی مسلسل نگرانی کے لیے متعلقہ محکموں کے درمیان مربوط تعاون ناگزیر ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پانی چوری کی روک تھامسے زرعی شعبے کو درپیش مسائل میں کمی آئے گی اور زرعی پیداوار بہتر بنانے کے حکومتی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔











