لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب میں جرائم کے خلاف پولیس کی کارروائیوں کے نتیجے میں وارداتوں میں سال بہ سال نمایاں کمی کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق 2026 کے پہلے 9 ماہ میں مجموعی پراپرٹی کرائمز 2023 کے مقابلے میں 88 فیصد، 2024 کے مقابلے میں 82 فیصد جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 73 فیصد کم ریکارڈ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے مقابلے میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 95 فیصد، راہزنی میں 78 فیصد، موٹر سائیکل چوری میں 71 فیصد، کار چوری میں 85 فیصد، موٹر سائیکل چھیننے میں 86 فیصد، گاڑی چھیننے میں 91 فیصد جبکہ نقب زنی کے واقعات میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق جرائم میں کمی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کی مسلسل محنت، مؤثر گشت اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔











