جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جمعہ کو یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر جمعہ کو حکومت نے لیوی میں اضافہ کیا تو ملک گیر ہڑتال سمیت پہیہ جام کی کال دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی نظام کے بدلنے سے آئے گی، امریکہ سے دوستی ہو یا دشمنی، دونوں صورتیں غلط ہیں۔ امریکہ زوال پذیر ہو رہا ہے، پاکستان کو اس کی غلامی چھوڑ کر ثالثی کا کردار ادا کرنا چاہیے۔
لاہور منصورہ پارٹی سیکریٹریٹ میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مل کر جنگ مسلط کی، جس میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹرمپ جھوٹے دعوے کر رہا ہے کہ وہ جیت گیا ہے۔ خلیجی ریاستوں کو بھی سمجھ آ گئی ہے کہ امریکہ کو اڈے دینے کا کوئی فائدہ نہیں، امریکہ مسلسل زوال پذیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب چہروں کی نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت عوامی تائید سے محروم ہے اور اسے مسلط کیا گیا ہے۔ وڈیروں اور جاگیرداروں کے نظام سے جان چھڑانا ہوگی تاکہ حقیقی تبدیلی آئے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ اور آئی پی پیز کے معاہدے مسترد کرتے ہیں۔ یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن پر پورے ملک میں احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ جنگ کے دنوں میں حکومت نے ایک سو اڑتیس ارب روپے لیوی کی مد میں اکٹھے کیے، مگر ریفائنریز میں کوئی بہتری نہیں آئی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو بجلی بنائے بغیر اربوں ڈالر ادا کیے جا رہے ہیں جبکہ عوام پندرہ پندرہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ برداشت کر رہے ہیں۔ اگر حکومت نے پیٹرول لیوی واپس نہ لی تو ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پنجاب حکومت کسانوں کا استحصال کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود اشتہارات پر اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ اسکولوں اور اسپتالوں کو نجی تحویل میں دے کر غریب سے تعلیم اور علاج کا حق چھینا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی طاقت کے ذریعے مسلط نظام پر دباؤ ڈالے گی۔ اب صرف چہرے بدلنے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ پورا نظام بدلنا ہوگا۔















