لاہور ( پنجاب پوسٹ) صوبہ پنجاب میں انسدادِ منشیات کارروائیوں کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سات روز کے دوران تینتیس منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کے مطابق صوبہ بھر میں چونتیس انٹیلیجنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران تقریباً ڈیڑھ ٹن منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت تین کروڑ ساٹھ لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جبکہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی اور ملتان سمیت متعدد اضلاع میں آپریشنز کیے گئے۔ اس کے علاوہ مظفرگڑھ، خانیوال، بہاولپور، سرگودھا اور گجرات میں بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ڈی جی سی این ایف کے مطابق انسدادِ منشیات کے خلاف یہ کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں اور اس سلسلے میں مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ منشیات کے پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔














