اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) تھانہ مارگلہ کی حدود سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور خاندان کے گھر سے قیمتی نوادرات اور قدیم اسلحہ چوری ہونے کی واردات کو پولیس نے ٹریس کر لیا ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ چوری شدہ سامان کا بڑا حصہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

واردات کی تفصیل
ایف ایٹ تھری کے مکان نمبر 28 اے میں، جو نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے شہزادہ بہاول عباس عباسی کی رہائش گاہ ہے، گھر کے اسٹور روم کا تالہ توڑ کر چوری کی گئی۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق چوری ہونے والی اشیاء میں سلور تھرون (چاندی کی تخت نما کرسی)، چاندی کی سیڑھی، پیالے اور مجسمے شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ریاست بہاولپور کے کریسٹ (نشان) والی سونے اور چاندی کی پلیٹس اور ایک بڑا سلور فریم بھی چوری ہوا۔ ریاست بہاولپور کی قدیم مسکٹ گنز اور تلواروں سمیت مجموعی طور پر 10 قدیم ہتھیار بھی غائب ہیں۔ پولیس کے مطابق چوری کیے گئے نوادرات کی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

مقدمے کا اندراج
شہزادہ بہاول عباس عباسی کی درخواست پر تھانہ مارگلہ میں دفعہ 380/454 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق گھر سے مزید قیمتی اشیاء بھی غائب ہیں، تاہم مکمل انوینٹری کے بعد اضافی فہرست پولیس کو فراہم کی جائے گی۔
ملازم کا کردار
پولیس کے مطابق واردات میں گھر کے ملازم نے بھی کردار ادا کیا۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز کا موقف
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے بتایا کہ پولیس نے سیف سٹی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لا کر 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی اشیاء میں سے 70 سے 80 فیصد مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید برآمدگی اور عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، اور گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔














