لاہور (پنجاب پوسٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے حوثی باغیوں اور ان کے سہولت کاروں کی جانب سے مدینہ منورہ کے طیبہ پاور پلانٹ پر کیے گئے حملے کو قابلِ مذمت اور انتہائی افسوس ناک قرار دیا ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ارضِ مقدس پر حملے کرنے والے حوثی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کے مطابق اس حملے سے دنیا بھر میں بسنے والے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا کہ حرمین شریفین سے مسلمانوں کا ایمان کا رشتہ ہے اور ارضِ مقدس کی حرمت کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کل جمعۃ المبارک کے خطبات میں ملک بھر کی مساجد میں سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔ اس موقع پر حوثی باغیوں کے خلاف بھرپور مذمتی قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔










