لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں باکو، آذربائیجان کی رہائشی 20 سالہ غیر ملکی لڑکی ڈیانا سے مبینہ اجتماعی زیادتی کا واقعہ پیش آیا، پولیس نے ایک ملزم محسن کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے جاری ہیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق 20 سالہ ڈیانا کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے جس میں زیادتی کا ثابت ہونا پایا گیا ہے، جبکہ متاثرہ لڑکی کا 164 کا بیان بھی مجاز عدالت کے روبرو ریکارڈ کروا لیا گیا ہے۔
پنجاب پوسٹ کو موصول ہونے والی متاثرہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ کے مطابق لڑکی کے کندھے پر دباؤ اور گھٹنے پر زخم کے نشانات پائے گئے، جبکہ جسم سے ڈی این اے سیمپلز بھی حاصل کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق مخصوص جسمانی اعضاء پر ملنے والے نشانات سے زیادتی کی تصدیق ہوئی، جبکہ لڑکی نشے کی حالت میں بھی تھی۔
میڈیکل رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر ملزمان لڑکی کو زیادتی کے دوران اپنے اعلیٰ تعلقات ہونے کا خوف بھی دلاتے رہے۔
پولیس کے مطابق شاہدرہ پولیس نے مزید 6 افراد کو حراست میں لے کر انہیں ڈیفنس سی پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ زیر حراست افراد مرکزی ملزمان کے قریبی دوست ہیں اور تمام افراد کا واقعے کے ملزمان کے ساتھ رابطہ رہا ہے۔
پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے مبینہ اجتماعی زیادتی اور مرکزی ملزمان کے بارے میں پوچھ گچھ جاری ہے۔ موبائل فون ریکارڈ اور لوکیشنز کی مدد سے تمام افراد کو حراست میں لیا گیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق بقیہ 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر پولیس ٹیموں کے چھاپے جاری ہیں اور انہیں بھی جلد پولیس کی گرفت میں لے لیا جائے گا۔











