لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈیفنس میں غیر ملکی خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ متاثرہ لڑکی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق میڈیکل رپورٹ میں جنسی زیادتی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کاری کے الزام میں خاتون سمیت گرفتار 3 افراد نے معاملے کو مشکوک بنا دیا ہے۔ متاثرہ لڑکی کی ٹریول ہسٹری اور بیانات بھی مشکوک قرار دیے جا رہے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق لڑکی کے کپڑے کا کاروبار کرنے کے شواہد نہیں مل سکے، جبکہ لڑکی کے تین بار لاہور آنے کی وجوہات بھی مشکوک ہیں۔ لڑکی کا لاہور آنے پر متعدد افراد کے ساتھ رابطہ بھی رہا۔
پولیس کے مطابق آپریشنز اور انوسٹی گیشن پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے، جبکہ زیادتی اور رضامندی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ لڑکی کی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق تینوں مرکزی ملزمان کی گرفتاری کے بعد ڈی این اے کروایا جائے گا، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی جاری ہیں۔











