خانیوال (پنجاب پوسٹ) ضلع خانیوال سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی گھڑ سوار ایتھلیٹ صغیر مظہر زرگر نے عمان میں منعقدہ انٹرنیشنل نیزہ بازی کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت لیا۔
محمدیہ حیدریہ سلطانیہ اعوان کلب، دربارِ عالیہ حضرت سخی سلطان باہو سے وابستہ کھلاڑی صغیر مظہر زرگر نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ اہم اعزاز اپنے نام کیا۔ صغیر مظہر زرگر حسین پور آری والا، تحصیل میاں چنوں، ضلع خانیوال کے رہائشی ہیں۔
عمان میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل نیزہ بازی کے مقابلوں میں پاکستان کے گھڑ سوار کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔ محمدیہ حیدریہ سلطانیہ اعوان کلب کے سوار صغیر مظہر زرگر نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
یہ کامیابی محض ایک کھلاڑی کی انفرادی فتح نہیں بلکہ پاکستان کی گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے کھیل کے لیے بھی قابلِ فخر اعزاز ہے۔ خصوصاً سلطان باہو کے گھوڑے نے میدان میں اپنی رفتار، پھرتی، توازن اور بہترین تربیت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ گھوڑے اور سوار کے درمیان بہترین ہم آہنگی نے مقابلے میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں کس کا گھوڑا کتنا خوبصورت،200 گھوڑے میدان میں نتیجہ آگیا
محمدیہ حیدریہ سلطانیہ اعوان کلب طویل عرصے سے گھڑ سواری اور نیزہ بازی کے شعبے میں اپنی روایات، محنت اور بہترین تربیت کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ کلب کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی میدانوں میں بھی پاکستان کا پرچم بلند کر رہے ہیں۔
صغیر مظہر زرگر اس سے قبل بھی پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر اعزاز حاصل کر چکے ہیں، جبکہ حالیہ کامیابی نے ضلع خانیوال کا نام ایک بار پھر عالمی سطح پر روشن کر دیا ہے۔
عمان میں منعقدہ ITPF ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں کامیابی اور گولڈ میڈل کا حصول محمدیہ حیدریہ سلطانیہ اعوان کلب، اس کے سوار اور سلطان باہو کے گھوڑے کی محنت، تربیت اور بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ شاندار کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر اور ضلع خانیوال کے لیے ایک یادگار اعزاز ہے، جس نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کے باصلاحیت گھڑ سوار عالمی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔










