بہاولنگر (پنجاب پوسٹ) محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے زیر اہتمام عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کی افتتاحی تقریب ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ہال میں منعقد ہوئی۔ عالمی ہفتہ برائے بریسٹ فیڈنگ کی سات روزہ مہم 26 ستمبر سے 2 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
افتتاحی تقریب میں ایل ایچ ایس، ایل ایچ ڈبلیوز، ہیلتھ انسپکٹرز سمیت فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء کو ماں کے دودھ کی اہمیت اور افادیت کے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
سی ای او ہیلتھ بہاولنگر ڈاکٹر شوکت علی وٹو نے کہا کہ ماں کا دودھ بچے کی بہترین نشوونما اور مضبوط قوتِ مدافعت کے لیے انمول تحفہ ہے۔ بریسٹ فیڈنگ ویک کا مقصد ماں کے دودھ کو ترجیحی حق کے طور پر اجاگر کرنا ہے، جبکہ ماں کے دودھ کے لیے پائیدار معاون نظام کو فروغ دینا بھی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1518 انسپکشنز، 74,500 روپے کے جرمانے عائد
ڈاکٹر شوکت علی وٹو نے کہا کہ نومولود بچوں کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروایا جائے اور مائیں بچوں کو دو سال کی عمر تک دودھ پلائیں۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد وقاص نے کہا کہ LHS، LHW اور ہیلتھ انسپکٹرز گھر گھر جا کر بریسٹ فیڈنگ سے متعلق آگاہی فراہم کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام میں بھی بچوں کو دو سال تک دودھ پلانے کی اہمیت واضح کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پر آگاہی واک بھی نکالی گئی۔ ضلع بھر کے ہیلتھ مینیجرز اور سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سپروائزرز کو بھی مہم میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے۔










