سرگودھا (پنجاب پوسٹ) ڈی پی او توقیر محمد نعیم کے احکامات کی روشنی میں ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے سرگودھا پولیس متحرک ہے۔ ضلعی پولیس، سٹی ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کی مشترکہ روڈ سیفٹی آگاہی مہم جاری ہے۔
موبائل ایجوکیشن یونٹس کے ذریعے تعلیمی اداروں، بس اسٹینڈز اور عوامی مقامات پر شہریوں کو ٹریفک قوانین، ہیلمٹ کے استعمال اور محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور روڈ سیفٹی کے لیے ضلعی سطح پر اقدامات بھی جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق ٹریفک قوانین کی پاسداری اور شہریوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی پی او توقیر محمد نعیم نے ٹریفک پولیس افسران اور جوانوں کے لیے خصوصی تربیتی نشست اور بریفنگ بھی کی۔
یہ بھی پڑھیں: ساہیوال: پولیس کی کارروائی، 35 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد
سرگودھا پولیس کے مطابق گزشتہ 3 ماہ کے دوران ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 48 ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا اور ان کے لائسنس منسوخ کیے گئے، جبکہ 1,139 کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم نے والدین سے اپیل کی کہ کم عمر بچوں کو گاڑیاں یا موٹر سائیکل ہرگز نہ دیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ مہذب شہری بنیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنائیں۔











