لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پولیس نے ون ویلنگ اور خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ ون ویلنگ میں ملوث 151 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ رواں سال اب تک 1233 ون ویلرز گرفتار اور 1147 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ون ویلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکلوں کی غیر قانونی آلٹریشن کی روک تھام یقینی بنائی جائے۔ موٹر سائیکل ریسنگ اور خطرناک اسٹنٹس کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
سی سی پی او لاہور نے ون ویلنگ کے تدارک کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر خطرناک موٹر سائیکل اسٹنٹس اور ریسنگ کی ویڈیوز اپ لوڈ کرنے والے عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنے کا حکم دیا۔
بلال صدیق کمیانہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ ون ویلنگ اور ریسنگ کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں۔











