لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر شہریوں کے تحفظ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے رکشوں، آن لائن کیبز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں QR پینک بٹن لگانے کا عمل جاری ہے۔ اب تک 80 ہزار سے زائد گاڑیوں پر QR پینک بٹن چسپاں کیے جاچکے ہیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں QR پینک بٹن چسپاں کرنے میں مصروف ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں تنصیب کے لیے ٹیم موجود ہے۔ رکشوں کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین QR پینک کوڈ کے ذریعے ہراسانی کی صورت میں فوری مدد کے لیے رابطہ کرسکتی ہیں۔ مختلف رکشہ یونینز کے اصرار پر 4 نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پاک چائنہ فرینڈ شپ گیمز، کون کون سی ٹیمیں فائنل میں پہنچیں؟
سی ٹی او لاہور نے بتایا کہ سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز نہ اپنانے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے۔ آن لائن کیبز میں جدید ٹریکنگ سسٹم کی تنصیب سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر ہوئی ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ اور جدید سکیورٹی فیچرز کے فروغ کو یقینی بنایا جارہا ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو محفوظ، بااعتماد اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات سے ٹریفک نظم و ضبط اور شہری تحفظ میں نمایاں بہتری آرہی ہے۔











