پنجاب کے 13 اضلاع میں سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز ، متعلقہ اضلاع کے سکولز میں 56 ہزار سے زائد بچوں کی انرولمنٹ ہوئی۔سینیر وزیر پنجاب کا دعویٰ

لاہور(پنجاب پوسٹ)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر انیتا ہرش کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، جس میں سینئر وزیر نے وفد کو پنجاب حکومت کی مختلف اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات میں طے پایا کہ ورلڈ فوڈ پروگرام پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر نیوٹریشن کے حوالے سے مزید اقدامات پر غور کرے گا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 13 اضلاع بہاولنگر، بھکر، چنیوٹ، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، لیہ، لودھراں، میانوالی، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، راجن پور، تونسہ اور وہاڑی میں سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا تھا، جو تاحال جاری ہے۔ اس پروگرام کی بدولت متعلقہ اضلاع کے سکولوں میں 56 ہزار سے زائد بچوں کی انرولمنٹ ہو چکی ہے، جبکہ بچوں کی غذائیت میں نمایاں بہتری کے ساتھ ساتھ سکولوں میں انرولمنٹ کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

سینئر وزیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خود اس منصوبے کی نگرانی کر رہی ہیں، جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے وفد نے نیوٹریشن پروگرام کو سراہا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پنجاب کا وژن بچوں کو غذائیت سے بھرپور نشوونما فراہم کرنا ہے۔

ملاقات میں سموگ کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلی بار صوبے بھر میں سموگ کنٹرول پروگرام متعارف کرایا، اور گزشتہ دو سالوں کے دوران سموگ کی روک تھام کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے۔ شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کے تحت پالیسیوں پر عملدرآمد کیا گیا، جس کے تحت اینٹی سموگ انڈسٹری سکواڈ، وہیکل ایمیشن، فصلوں کی باقیات اور بھٹوں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کی گئیں۔

صوبے بھر میں ہیوی وہیکلز اور گاڑیوں کے اخراج کی ٹیسٹنگ جاری ہے، جبکہ کلائمیٹ مانیٹرنگ واچ کے ذریعے تمام انڈسٹری اور بھٹوں کو ڈیجیٹلی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی بھی سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کی مانیٹرنگ یقینی بنا رہی ہے، اور ایگری میکانائزیشن وژن کے باعث گزشتہ سال فصلوں کی باقیات جلانے میں 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی کنٹری ڈائریکٹر نے سموگ کے حوالے سے حکومت پنجاب کی کارکردگی کو سراہا۔

سینئر وزیر پنجاب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے تمام فلاحی پروگرام حکومتی نظام کے تحت مربوط انداز میں چلائے جا رہے ہیں، اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر دفاتر کے ذریعے مضبوط رابطہ کاری کا نظام قائم کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی کامیابیاں، اسباق اور چیلنجز تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ملک کی 64 فیصد آبادی سوشل میڈیا استعمال کرتی ہے، لہٰذا ابلاغ کے لیے دیسی ذرائع اور سوشل میڈیا کو بروئے کار لایا جائے گا، جبکہ صحت سے متعلق پیغامات کو مقامی زبانوں میں ترجمہ کر کے گھر گھر پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت ہر ہیلتھ سینٹر، بی ایچ یو اور کلینک پر مقامی زبان میں معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ سینئر وزیر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب لوکلائزیشن اور زراعت کے شعبے میں ہر قسم کی پارٹنرشپ کے لیے تیار ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے