لاہور (پنجاب پوسٹ) جی او آر ون میں تعینات پولیس اہلکار کو رخصت کے لیے جعلی میڈیکل دینا مہنگا پڑ گیا، تھانہ ریس کورس میں ایس پی یو کے سابق کنسٹیبل محمد شعبان کے خلاف فراڈ، دھوکہ دہی اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ایس پی یو کا سابق کنسٹیبل محمد شعبان 14 فروری 2025 کو رخصت پر گیا، تاہم میڈیکل مکمل ہونے کے بعد بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہا۔
ایف آئی آر کے مطابق بعدازاں کنسٹیبل محمد شعبان کی جانب سے رائیڈر کے ذریعے مزید 21 یوم کا میڈیکل بھجوایا گیا۔ 7 مارچ 2025 کو میڈیکل کی جنرل ہسپتال سے جانچ پڑتال کی گئی تو کنسٹیبل شعبان کا میڈیکل جعلی پایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل ٹی وی ۔ایچ ٹی وی۔پی ایس وی لائسنسز رکھنے والوں کا کریمینل ریکارڈ چیک کرنے کا فیصلہ
ایف آئی آر کے مطابق کنسٹیبل محمد شعبان 2024 سے مجموعی طور پر 97 یوم غیر حاضر بھی پایا گیا۔ میڈیکل جعلی ہونے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایس پی یو پنجاب کے حکم پر کنسٹیبل محمد شعبان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ دفعہ 420، 468، 471 اور 155-C کے تحت درج کیا گیا ہے۔











