ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) ننکانہ صاحب میں دن دیہاڑے گھر میں چوری کی واردات، گھر خالی ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم چور نےگھر کی ٹوٹی ہوئی کھڑکی کے راستے داخل ہو کر نقدی، سونے کی بالیاں اور دیگر قیمتی سامان چوری کرلیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں چور کی آمد و رفت واضح طور پر محفوظ ہوگئی۔
ننکانہ صاحب میں چوری کی یہ واردات امام بارگاہ روڈ، گول چکر کے قریب پیش آئی۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شہری گھر میں موجود نہی تھا واپس آنے پر سامان بکھرا پڑا تھا اور قیمتی اشیاء غائب تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:رائیونڈ پولیس کی اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری
متاثرہ شہری کے مطابق چور 25 ہزار روپے نقدی، دو عدد سونے کی بالیاں مالیت تقریباً 10 ہزار روپے، ایک عدد استری مالیت تقریباً 5 ہزار روپے سمیت دیگر سامان چوری کرکے لے گیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں مبینہ چور کو گھر میں داخل ہوتے اور باہر سامان سمیت نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فوٹیج کے مطابق چور صبح تقریباً چھ بجے گھر میں داخل ہوا اور تقریباً چار گھنٹے بعد صبح دس بجے کے قریب گھر سے باہر نکلا۔
واردات کے وقت گھر میں کوئی موجود نہیں تھا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چور نے اطمینان سے گھر کی تلاشی لی اور چوری کے بعد فرار ہوگیا۔متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے ایف آئی آر درج کر دی اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔متاثرہ شہری نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چور کو فوری گرفتار کرکے چوری شدہ سامان برآمد کیا جائے۔











