لاہور(پنجاب پوسٹ) پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اسکول ٹیچنگ انٹرنز (STIs) کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پہلے سے تعینات ایس ٹی آئیز کے معاہدوں میں توسیع کی منظوری دے دی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق پنجاب میں پہلے سے تعینات ایس ٹی آئیز کی خدمات 31 مئی 2027 تک جاری رہیں گی، جبکہ ان کے معاہدے 24 اگست 2026 سے 31 مئی 2027 تک مؤثر ہوں گے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے خالی آسامیوں پر نئے ایس ٹی آئیز کی بھرتی کا عمل بھی شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ایس ٹی آئی پروگرام کے تحت ضلع وار نشستوں کے مطابق نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔
تمام چیف ایگزیکٹو آفیسرز ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو اس حوالے سے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ تعلیم نے ایس ٹی آئیز کے معاہدوں میں توسیع اور نئی بھرتیوں کے معاملے کو اعلیٰ ترجیح قرار دیا ہے۔










