لاہور (پنجاب پوسٹ) مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے سعودی عرب کے 96ویں یوم الوطنی کے موقع پر سعودی عرب کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برادر اسلامی ممالک کی دوستی ہر آزمائش میں سرخرو ہوئی ہے، جبکہ ایٹمی پاکستان حرمین شریفین کا دفاع اپنا دفاع سمجھتا ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدر حافظ طلحہ سعید، حافظ عبدالروف، جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب شیخ، مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، چیئرمین خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ، مسلم یوتھ لیگ کے صدر تابش قیوم، مسلم اسٹوڈنٹس لیگ کے صدر عمر عباس و دیگر نے مملکت سعودی عرب کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین لا الہ الا اللہ کا رشتہ ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کلمہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک ہے جبکہ سعودی عرب سرزمین حرمین شریفین ہے۔ مرکزی مسلم لیگ پاک سعودی تعلقات اور دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یوم الوطنی کے موقع پر سعودی بھائیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔
مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے پاکستان کی کاوشیں دل و جان سے جاری رہنی چاہئیں۔










