لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور پریس کلب لاہور میں تحفظ حرمین شریفین سیمینار جانشین سفیر ختم نبوت مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف دینی و مذہبی تنظیموں جمعیت علماء اسلام، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت،وفاق المدارس العربیہ، انٹرنیشنل ختم نبوت مومنٹ، سنی علماء کونسل، لجنۃ العلماء پاکستان،کے رہنماؤں، مختلف دینی مدارس کے سربراہان اور جید علماء کرام نے شرکت کی
سیمینار سے شیخ الحدیث مولانا قاری محمد رفیق، مولانا مجیب الرحمٰن انقلابی، مولانا عبدالرؤف فاروقی، مولانا مفتی شاہد عبید، ڈاکٹر سرفراز اعوان، مولانا حافظ حسین احمد، مولانا عبداللہ مدنی، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، مولانا نعمان حامد، مولانا عتیق الرحمن اور دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور ان کی حرمت و تقدس کے تحفظ کے لیے امت مسلمہ متحد ہے علماء کرام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور کسی بھی قوت کو حرمین شریفین کی حرمت و تقدس پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی مقررین نے سہہ ملکی مکہ دفاعی معاہدہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کو عالم اسلام کے اتحاد اور باہمی تعاون کا ذریعہ بنایا جانا چاہیے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سید عبد الخبیر آزاد خطیب بادشاہی مسجد لاہور و چیئرمین رؤیت ہلال کمیٹی نے کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ ہر محاذ پر کھڑے ہوں گے اور اس مقصد کے لیے ہر طرح کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان، مملکت سعودی عرب اور ترکیہ جب بھی آواز دیں گے،پوری امت مسلمہ حرمین شریفین کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیارہوگی
مقررین نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت صرف کسی ایک ملک یا خطے کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری امت مسلمہ کی ذمہ داری اور ایمان کا حصہ ہے انہوں نے مسلم ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا سیمینار کے اختتام پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سہہ ملکی مکہ دفاعی معاہدے کو عالم اسلام کے اتحاد، باہمی تعاون اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مؤثر ذریعہ بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے محمد علی رانا نے یورپین ڈس ایبل سنوکر چیمپئن شپ 2026 میں گولڈ میڈل جیت لیا
سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے مولانا قاری محمد رفیق صاحب ڈپٹی سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان نے تمام صوبائی قائدین و جملہ عہدیدران کو حکم دیا کہ وہ ملک بھر سے کم از کم ایک لاکھ جانثاران تیار کرکے دیں جو حرمین شریفین کے تقدس کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار رہیں۔
سیمینار میں مولانا نوفل ربانی، سید اسامہ اجمل قاسمی، مولانا عامر مقصود، مولانا سلیم اللہ عبید، مولانا احسان اللہ، حافظ احمد الحسینی، اویس رسول علوی، ناصر محمود، محمد اکرم، طارق مخدوم، حافظ ریحان، شیخ طیب شہزاد، حافظ حذیفہ شہزاد،محمد ابراہیم اور سمیت دیگر علماء اور دینی راہنماؤں نے شرکت کی۔ سیمینار کے اختتام پر پیر طریقت رہبر شریعت حضرت مولانا قاری محمد رفیق صاحب نے حرمین شریفین کے تحفظ، پاکستان کی سالمیت وترقی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کرائی۔










