لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں، باغبانپورہ پولیس نے بین الاضلاعی 3 منشیات ڈیلرز کو گرفتار کرکے بڑی مقدار میں منشیات اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرلیا۔
ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر دورانِ پٹرولنگ کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے 3 ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں شعیب، وقار اور فارس شامل ہیں۔
ایس پی کینٹ عاطف امیر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 1050 لیٹر زہریلی دیسی شراب، 3 کلو سے زائد چرس اور غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ ملزمان نے آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں دی گئی لوکیشنز پر سپلائی کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وارداتوں کی نصف سینچری کرنے والے 2 ماسٹر مائنڈ ملزمان ڈولفن سکواڈ کی گرفت میں
ایس پی کینٹ کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انہیں انویسٹی گیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ لاہور شہر میں منشیات جیسی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پولیس پرعزم ہے۔











