لاہور (پنجاب پوسٹ)پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کا آغاز جمعرات سے تین مختلف شہروں میں ہو رہا ہے، جس میں مختلف قومی و ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے اپنی نئی ٹیموں کے ساتھ میدان میں اترنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔
اس راؤنڈ کے لیے کھلاڑیوں کی ٹیموں میں شمولیت کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹسمین رضا اللہ نے او جی ڈی سی ایل (OGDCL) کی ٹیم جوائن کر لی ہے، جبکہ عثمان طارق کے آر ایل (KRL) کی ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں۔فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ساتھ ساتھ پاکستان انڈر 19 کے کھلاڑی فرحان یوسف، عبدالسبحان اور حمزہ ظہور نے بھی ایس این جی پی ایل (SNGPL) کی ٹیم میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔
اس کے علاوہ عامر جمال ایم آئی ٹی، عبداللہ فضل سٹیٹ بینک، سعود شکیل کنگز مین، علی عثمان پی ٹی وی جبکہ عبید شاہ غنی کی نمائندگی کریں گے۔دوسری جانب فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی سے قبل رضا اللہ نے پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کے لیے ان کی تیاری مکمل ہے اور وہ اپنی ٹیم کے لیے اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
رضا اللہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کے تجربے سے صبر کا سبق سیکھا ہے، اور اگر کھلاڑی اس صبر سے ہٹتا ہے تو رنز آؤٹ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ ہی پہلا قدم ہے اور کسی بھی کھلاڑی کے لیے سب سے زیادہ ضروری چیز یہی ہے کہ وہ گھریلو کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔












