لاہور (پنجاب پوسٹ) رائیونڈ عالمی سالانہ تبلیغی اجتماع کے حوالے سے انتظامات کا آغاز کردیا گیا، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ رائے بابر علی کی زیرِ صدارت اجتماع اکابرین اور تمام متعلقہ محکموں کا اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اجتماع کے دوران آنے والے مندوبین کو بہترین سہولیات کی فراہمی، سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ، ایس ایچ او رائیونڈ عمران خان نیازی، ریسکیو، ایل ڈبلیو ایم سی، ایم سی ایل، واپڈا سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے مقامی سربراہان نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ڈی آئی جی آپریشنز کی کھلی کچہری ، کس نوعیت کے کیسز سنے گئے ؟
اسسٹنٹ کمشنر رائیونڈ نے تمام متعلقہ محکموں کو اجتماع سے قبل اپنے اپنے محکموں سے متعلق تمام مسائل حل کرنے اور انتظامات مؤثر و جامع انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ٹریفک، صفائی، نکاسی آب، بجلی، سکیورٹی، ریسکیو اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق مندوبین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے جامع پلان مرتب کیا جا رہا ہے، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔











