لاہور ( پنجاب پوسٹ) پنجاب پولیس نے صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں 486 کارروائیاں کی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان آپریشنز کا مقصد جرائم کی روک تھام اور مشتبہ افراد کی نگرانی کو مؤثر بنانا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں کے دوران 15 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ 175 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ جرائم کے نیٹ ورکس کا سراغ لگایا جا سکے۔
کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جن میں دو کلاشنکوف، ایک رائفل، 17 پسٹل اور ایک بندوق کے علاوہ بھاری مقدار میں گولیاں شامل ہیں۔ اسی طرح کومبنگ آپریشنز کے دوران 24 مبینہ منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 18 کلوگرام چرس، دو کلوگرام ہیروئن اور 327 لیٹر شراب بھی برآمد کی گئی ہے، جنہیں قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔ پولیس حکام کے مطابق ایسے آپریشنز آئندہ بھی جاری رہیں گے۔














