پاکستان اور آذربائیجان کی دوستی بڑھنے لگی، دونوں ممالک مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی ایک ساتھ بڑھائیں گے

لاہور ( پنجاب پوسٹ ) لاہور میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے مصنوعی ذہانت (اے آئی) و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان جدید ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان خاص طور پر آئی ٹی اور اے آئی کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ علی ڈار کا کہنا تھا کہ بدلتے عالمی منظرنامے میں ٹیکنالوجی کے میدان میں شراکت داری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔

گفتگو میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ سی بی ڈی پنجاب کو دونوں ممالک کے درمیان کاروباری اور سرمایہ کاری روابط کے ایک ممکنہ مرکز کے طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔

ملاقات میں لاہور اور آذربائیجان کے شہر نخچیوان کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا اور اسے مستقبل کی وسیع شراکت داری کی بنیاد قرار دیا گیا۔

اس موقع پر باکو میں منعقد ہونے والے ورلڈ اربن فورم (WUF13) سے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، جبکہ تعلیم، معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

علی ڈار کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارتی حجم میں اضافے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے، جبکہ ادارہ جاتی سطح پر روابط کے فروغ اور وفود کے تبادلے سے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے