ڈیزل کی بڑھتی قیمتیں ،پبلک ٹرانسپورٹرز کا بڑا قدم ، کیا کاروبار بند کئے جارہے ہیں ؟

لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور میں ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے اور بڑھتے ہوئے آپریشنل اخراجات کے باعث پبلک ٹرانسپورٹرز نے کاروبار بند کرنے پر غور شروع کر دیا۔ پبلک ٹرانسپورٹرز کی جانب سے اس حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، جس میں ڈیزل کی قیمت میں بتدریج اضافے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور کاروبار بند کرنے کے آپشن پر مشاورت کی جائے گی۔

چیئرمین پبلک ٹرانسپورٹ اونر ایسوسی ایشن عصمت اللہ خان نیازی کا کہنا ہے کہ کرائے بڑھانے کے باوجود مسافروں کی تعداد کم ہونے کے باعث ٹرانسپورٹرز کو فائدے کے بجائے نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق گاڑیوں کے لبریکنٹس، ٹائرز اور دیگر لوازمات کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ ٹول ٹیکس فیس میں اضافے اور مبینہ ناجائز چالانوں نے مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔

عصمت اللہ خان نیازی نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کی گاڑیاں سڑکوں پر چلانے کے بجائے اسٹینڈز پر کھڑی کرنا ہی بہتر دکھائی دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کے موقع پر حکومت رابطہ کرکے کمیٹی بنانے کی یقین دہانی کرا دیتی ہے، تاہم مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہوتے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بات سننا تو دور کی بات، افسران وقت دینا بھی گوارا نہیں سمجھتے۔ ان کے مطابق جب تک ڈیزل کی قیمت میں واضح کمی اور استحکام نہیں آتا، پبلک ٹرانسپورٹ کا کاروبار جاری رکھنا گھاٹے کا سودا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز اب احتجاجی تحریک چلانے کے بجائے پرامن طریقے سے اپنا کاروبار بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے