اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے لائحہ عمل پر اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پمز تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے پمز کے پرفارمینس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا.
وزیرِ اعظم نے پمز ہسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، اسکی بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگی اور انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مجوزہ اقدامات کو آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی.
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ انکوائری رپورٹ میں مجوزہ قلیل مدتی اقدامات پر عملدرآمد کو آئندہ تین ماہ میں یقینی بنایا جائے. پمز ہسپتال میں بہتری اور اسے بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے. فائر سیفٹی سے متعلق نظام کیلئے پی کے ایل آئی (PKLI) سے معاونت اور تجاویز لی جائیں.
وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں موجود تجاویز پر غور کر کے ان پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے. ہسپتال میں ادویات کی فراہمی اور سہولیات بالکل مفت فراہم کرنے کیلئے اقدامات بھی لائحہ عمل کا حصہ بنائے جائیں. پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے اچھی شہرت کی حامل افرادی قوت کو تعینات کیا جائے. پمز ہسپتال کی بہتری کیلئے طویل مدتی اقدمات پر مبنی ایک جامع لائحہ عمل بھی مرتب کیا جائے.
یہ بھی پڑھیں: ایم ڈی کیٹ کے امیدوار ہوشیار، پی ایم ڈی سی نے انوکھا حکم جاری کر دیا
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پولی کلینک ہسپتال کا آڈٹ کرکے بے ضابطگیوں کو دور کیا جائے اور اسکی تنظیم نو کا لائحہ عمل مرتب کیا جائے. سی ڈی اے اسلام آباد میں موجود تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائے. سی ڈی اے اور تمام متعلقہ ادارے سرکاری و نجی دفاتر و عمارتوں میں فائیر سیفٹی کے حوالے سے آڈٹ یقینی بنائیں. تمام دفاتر و عمارتوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے.
اجلاس کو وزارت قومی صحت کی جانب سے پمز ہسپتال کی بہتری اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی.
اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز ہسپتال کے پرفارمینس آڈٹ میں جانچ کردہ انڈیکیٹرز میں سے 90 فیصد کی قابل قبول ہدف کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس پائی گئی.
اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں 37 مجوزہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ اجلاس کو قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی.
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفی کمال، معاون خصوصی مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.











