لاہور (پنجاب پوسٹ)لاہور کے علاقے بیگم کوٹ میں پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (PCNF) نے لاہور اور قصور ٹیموں کے مشترکہ آپریشن کے دوران پارٹی پِلز تیار کرنے والی ایک مبینہ فیکٹری کا سراغ لگا کر بڑی کارروائی کی ہے۔ کارروائی میں بھاری مقدار میں ایکسٹیسی گولیاں، آئس اور گولیاں تیار کرنے کے لیے استعمال ہونے والا خام مال برآمد کیا گیا۔
ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے مطابق کارروائی کے دوران فیکٹری سے 12 ہزار تیار ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں، جن کی مالیت تقریباً 3 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران 25 گرام آئس بھی برآمد کی گئی، جبکہ فیکٹری سے ایکسٹیسی گولیاں بنانے میں استعمال ہونے والا 40 کلوگرام خام مال بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق برآمد شدہ خام مال کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے ہے، جبکہ یہ خام مال مزید ایک لاکھ ایکسٹیسی گولیاں تیار کرنے کے لیے کافی تھا۔

کارروائی کے دوران فیکٹری کے مرکزی ملزم، جسے ’’جناب‘‘ کے نام سے پکارا جاتا ہے، کو گرفتار کر لیا گیا۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے فیکٹری کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔









