لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے محفوظ سفر اور منظم ٹریفک کلچر کے فروغ کے لیے موٹرسائیکلسٹ کو سائیڈ ویو مررز کے استعمال سے متعلق خصوصی آگاہی مہم شروع کر دی۔ حادثات میں کمی اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے لاہور ٹریفک پولیس کے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے تمام سرکل افسران کو موٹر سائیکل سواروں کو سائیڈ ویو مررز، ہیلمٹ اور لین ڈسپلن کے حوالے سے بریفنگ اور ایجوکیشن دینے کی ہدایت کردی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ محفوظ ڈرائیونگ کے لیے موٹر سائیکل سوار سائیڈ ویو مررز کا لازمی استعمال کریں۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق لاہور میں 82 لاکھ رجسٹرڈ وہیکلز میں 61 لاکھ سے زائد موٹرسائیکلیں شامل ہیں، جبکہ ایکسڈنٹ رپورٹ کے مطابق 70 فیصد جانی حادثات میں بلاواسطہ اور بالواسطہ موٹرسائیکل سواروں کی جان گئی۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ موٹرسائیکلسٹ کو محفوظ بنانے کے لیے سخت اور ناگزیر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سائیڈ ویو مررز لین تبدیل کرتے وقت پیچھے آنے والی ٹریفک پر نظر رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق سی ٹی او لاہور نے موٹر سائیکل مینوفیکچررز کمپنیوں سے بھی ملاقات کی اور سائیڈ ویو مررز سے متعلق تجاویز پیش کیں۔ موٹر سائیکل کمپنیوں کو ڈیٹیچ ایبل سائیڈ ویو مررز متعارف کرانے کی سفارش کی گئی ہے۔
حکام کے مطابق ڈیٹیچ ایبل مررز ٹوٹنے کی صورت میں صرف شیشہ تبدیل کیا جا سکے گا، مکمل راڈ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ سائیڈ ویو مررز کی آسان اور کم لاگت تبدیلی سے شہریوں کو سہولت فراہم ہوگی۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ محفوظ موٹر سائیکل سواری کے لیے ہیلمٹ، لین ڈسپلن اور سائیڈ ویو مررز کو یکساں اہمیت دی جا رہی ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ہی شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی ضمانت ہے۔











