موسم سرما کا آغاز ، پنجاب میں کب سے برسات ہوگی ؟

لاہور (پنجاب پوسٹ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے جبکہ 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر بھی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں اور انہیں نشیبی علاقوں میں پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں شہری ⁠پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے