لاہور (پنجاب پوسٹ) محکمہ ٹرانسپورٹ نے سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور دھواں چھوڑنے والی 1575 گاڑیوں کے چالان کر دیے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق کارروائی کے دوران 988 گاڑیوں کو بند کیا گیا جبکہ خلاف ورزیوں پر 50 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
رواں ماہ تقریباً 10 ہزار گاڑیوں کی فٹنس کا معائنہ کیا گیا، تکنیکی معیار پر پورا اترنے والی 5 ہزار 600 سے زائد گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی گاڑیوں کو ہرگز چلنے نہیں دیا جائے گا، ٹرانسپورٹرز مکمل مرمت اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں ہرگز سڑکوں پر نہ لائیں۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کی نشاندہی کریں اور ماحول دوست ہونے کا ثبوت دیں۔
سموگ و ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے عوامل کے بارے میں شکایات اور تجاویز حکومت پنجاب کی Green Punjab App پر درج کی جا سکتی ہیں یا 1373 پر کال کی جا سکتی ہے۔
ٹرانسپورٹ، ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے ایمرجنسی کی صورت میں 15 ایکسٹینشن 6 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔










