شیخوپورہ(پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی شیخوپورہ کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ضلع بھر میں کارروائیاں جاری رکھیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن غلام صابر کی زیر نگرانی خصوصی مہم کے دوران 115 فوڈ کاروباری مراکز کا معائنہ کیا گیا۔
فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، ناقص صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل نہ کرنے پر مختلف فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 59 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔
کارروائی کے دوران 39 ہزار 260 لیٹر دودھ کی جانچ کی گئی، جبکہ 2400 انڈے، 4 کلو گرام مربہ اور 4 کلو گرام دیگر زائدالمیعاد، غیر معیاری اور ممنوعہ اشیائے خورونوش موقع پر تلف کر دی گئیں۔
فوڈ اتھارٹی نے مختلف اشیائے خورونوش کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے، جبکہ 3 فوڈ پوائنٹ مالکان کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے۔ متعدد فوڈ پوائنٹس کو بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا عدیل تصور نے کہا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضر صحت، ملاوٹ شدہ اور غیر معیاری اشیائے خورونوش کی تیاری و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔










