لاہور(پنجاب پوسٹ) علی الصبح لاہور کی مختلف شاہراہوں پر ون ویلنگ اور خونی کرتب کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی تیز کر دی۔ڈولفن سکواڈ نے ہربنس پورہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 9 منچلوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ڈولفن کے مطابق ون ویلر گروہ کو ہربنس پورہ لال پل کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان ون ویلنگ اور شور شرابا کرتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ میں خلل ڈال رہے تھے۔گرفتار ملزمان میں سمیر، عبداللہ، حسنین، عبدالرحیم، ابراہیم، ابیر اور دیگر شامل ہیں۔ گرفتار ون ویلر گروہ کو مزید کارروائی کے لیے تھانہ ہربنس پورہ کے حوالے کر دیا گیا۔
ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ ون ویلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ لاہور پولیس ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی کونسلنگ کریں، کیونکہ ون ویلنگ ایک خونی کھیل ہے۔










