لاہور شہر میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے ٹریفک پولیس 20 ایمیشن اینا لائزر خریدے گی، لاگت کتنی آئے گی؟

لاہور(پنجاب پوسٹ) لاہور ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے دھوئیں اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے جدید ایمیشن ٹیسٹنگ نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔ ٹریفک حکام کے مطابق سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کی مؤثر جانچ کے لیے 20 جدید ایمیشن اینالائزرز میٹرز خریدے جائیں گے۔

ٹریفک حکام کے مطابق ان آلات میں 10 ڈیزل اوپیسیمیٹرز اور 10 پٹرول و سی این جی گیس اینالائزرز شامل ہوں گے، جن کے ذریعے گاڑیوں کے دھوئیں اور ایگزاسٹ گیسز کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جائے گی۔

پٹرول اور سی این جی گاڑیوں، رکشوں جبکہ قابلِ اطلاق موٹر سائیکلوں کے اخراج کی جانچ گیس اینالائزرز کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ڈیزل گاڑیوں، بسوں، ٹرکوں اور ہیوی ٹرانسپورٹ سے خارج ہونے والے دھوئیں کی شدت جانچنے کے لیے اوپیسیمیٹرز استعمال کیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق ہر ایمیشن ٹیسٹ کے نتائج کو گاڑی کے رجسٹریشن نمبر، مقام، وقت اور متعلقہ آپریٹر کی تفصیلات سے منسلک کیا جائے گا۔ اے این پی آر اور ڈیجیٹل ریکارڈ کے ذریعے گاڑیوں کے اخراج کا جامع ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے گا جبکہ ہر ٹیسٹ کا محفوظ اور قابلِ آڈٹ ڈیجیٹل ریکارڈ بھی مرتب کیا جائے گا۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ فیل ہونے والی گاڑیوں کی مرمت کے بعد دوبارہ ٹیسٹ کرنے کا نظام بھی پائلٹ پراجیکٹ کا حصہ ہوگا۔ 90 روزہ پائلٹ پراجیکٹ کے دوران مختلف اقسام کی گاڑیوں پر جدید آلات کی کارکردگی جانچی جائے گی۔

حکام کے مطابق پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج کی بنیاد پر مستقبل میں زیادہ اخراج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ڈیٹا بیسڈ کارروائی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ لاہور ٹریفک پولیس کا مقصد محض گاڑیوں کا دھواں چیک کرنا نہیں بلکہ جدید Vehicle Emission Enforcement System متعارف کرانا ہے، جس کے ذریعے گاڑیوں کے اخراج کی مؤثر نگرانی، ڈیجیٹل ریکارڈنگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خلاف منظم کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے