لاہور(پنجاب پوسٹ): سولہ سال سے کم عمر بچوں کی سوشل میڈیا تک رسائی روکنے کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی۔درخواست شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس میں وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکٹرانک کرائمز سے بچاؤ کا قانون 2016 موجود ہونے کے باوجود کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔
درخواست گزار کے مطابق سوشل میڈیا پر نامناسب مواد اور ڈراموں میں نامناسب مناظر سمیت الکوحل کے مناظر بچوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ سولہ سال سے کم عمر بچوں کی بڑی تعداد اسکولوں سے باہر بھی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ حکومت کو الیکٹرانک کرائمز سے بچاؤ کے قانون 2016 میں ضروری ترامیم کرنے، سولہ سال سے کم عمر بچوں کے اسکولوں میں داخلے کو یقینی بنانے اور پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا جائے۔










