وہاڑی (پنجاب پوسٹ) ریجنل پولیس آفیسر ملتان عثمان اکرم گوندل نے ٹھینگی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر شہریوں نے پولیس سے متعلق اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست آر پی او ملتان کے سامنے پیش کیں۔ آر پی او ملتان نے شہریوں کے مسائل اور شکایات توجہ سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ پولیس افسران کو میرٹ پر کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
عثمان اکرم گوندل کا کہنا تھا کہ عوام کو بروقت اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانا اور شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ کے ذریعے پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
کھلی کچہری کے اختتام پر آر پی او ملتان نے تھانہ ٹھینگی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے ریکارڈ، فرنٹ ڈیسک، حوالات، صفائی ستھرائی، سکیورٹی انتظامات اور مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
آر پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانے آنے والے ہر شہری کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے قانون کے مطابق فوری اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال، ایس ڈی پی او سرکل صدر عمران خورشید اور سرکل صدر وہاڑی کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔










