لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب حکومت نے ووہان یونیورسٹی، تائی پنگ ہیلتھ اور دیگر چینی اداروں کے ساتھ پنجاب میں ہیلتھ انشورنس کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کا صحت کا شعبہ عالمی معیار سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ چینی ہیلتھ انشورنس کمپنیوں کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ انشورنس سیکٹر میں مزید بہتری آئے گی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پروفیسر چن کی سربراہی میں چینی ہیلتھ انشورنس وفد نے پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جبکہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں چینی تجربات اور مہارت سے استفادہ کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ چین پاکستان مشترکہ نیورو سرجری تربیتی و طبی سیاحت مرکز ووہان قائم کیا گیا ہے۔ مرکز طبی تربیت، تحقیق اور علمی تبادلے کو فروغ دے گا، جبکہ پاکستانی ڈاکٹرز کی تربیت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔
صوبائی وزیر کے مطابق اس تعاون کے شراکت داروں میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز، ژونگ نان ہسپتال ووہان اور سی پی ایم اے شامل ہیں۔ چینی اور پاکستانی ماہرین کے درمیان طبی مہارت اور جدید علاج کے تبادلے کو بھی فروغ دیا جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کنیکٹ پروگرام کے ذریعے عالمی طبی ماہرین کو پنجاب کے اداروں سے جوڑا جا رہا ہے، جس کے تحت پاکستانی ڈاکٹرز کی تربیت اور طبی مہارت کے تبادلے پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین سے پنجاب کو جدید طبی ٹیکنالوجی کے ساتھ مہارت اور انسانی وسائل کی تربیت بھی منتقل ہو رہی ہے، جبکہ چین اور پنجاب میں مشترکہ تحقیق اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ کی کوششیں جاری ہیں۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کے ہیلتھ سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری اور جدید انشورنس ماڈلز کا فروغ خوش آئند ہے۔











