لاہور پولیس کی رشوت دینے والوں کیخلاف کارروائیاں، 500 کے نوٹ کےبعد 1000 اور 5000 روپے رشوت دینے والوں پر مقدمے درج

لاہور (پنجاب پوسٹ) پولیس نظام میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس نے رشوت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔ تھانہ نیو انارکلی اور مصری شاہ میں رشوت دینے کی کوشش کے الزام میں دو مقدمات درج کرکے ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس کے مطابق نیو انارکلی میں محمد جعفر نے معاملہ ختم کرنے کے لیے 5 ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے رشوت کے لیے دی گئی رقم بطور ثبوت قبضے میں لے لی۔

دوسری کارروائی میں مصری شاہ پولیس نے ملزم عمر فاروق کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ پولیس کے مطابق عمر فاروق نے اپنے دوست کا کام کروانے کے لیے گائیڈ کانسٹیبل کو ایک ہزار روپے رشوت دینے کی کوشش کی۔ پولیس نے ایک ہزار روپے کی رقم بھی بطور ثبوت قبضے میں لے لی۔

پولیس کے مطابق رشوت دینے کے الزام میں دونوں ملزمان محمد جعفر اور عمر فاروق کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ دونوں واقعات میں رشوت کی پیشکش کرنے والوں کے خلاف دفعہ 162 ت پ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار کی جانب سے رشوت طلب کرنے پر سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ قانونی کارروائی سے بچانے یا پولیس سے ناجائز فائدہ حاصل کرنے کے لیے رشوت کی پیشکش کرنا بھی جرم ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق رشوت طلب کرنے والے پولیس اہلکار ہوں یا رشوت کی پیشکش کرنے والے افراد، کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ پولیس میں کرپشن کا خاتمہ، شفافیت اور شہریوں کو میرٹ پر انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ رشوت لینا اور دینا دونوں جرم ہیں اور کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ شہریوں کو بروقت انصاف اور ریلیف کی فراہمی کے ساتھ پولیس نظام کو کرپشن سے پاک بنانا ترجیح ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے